بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت مقابلوں کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی ) کے خواتین کیمپس میں ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبیؐ پر مبنی دو روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔یہ تقریبات فیکلٹی آف عربی، اصول الدین اور لینگویجز و لٹریچر (اردو) کے اشتراک سے منعقد کی گئیں جن کا مقصد طلبہ و طالبات کو سیرتِ نبوی ؐ سے روشناس کرانا اور ان کی دینی و اخلاقی تربیت کرنا تھا۔

مقابلوں میں سیرت تقریری مقابلہ، سیرت کوئز اور نعت خوانی شامل تھے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام تقریری مقابلے میں طالبات نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں جیسے رحم، قیادت اور کردار پر روشنی ڈالی۔ کوئز مقابلے نے طالبات کے علم اور ٹیم ورک کو اُجاگر کیا جبکہ نعت خوانی نے روح پرور فضا قائم کی۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انچارج فیمیل کیمپس ڈاکٹر آمنہ محمود نے ان سرگرمیوں کو سراہا اور سٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر رخسانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔

انہوں نے طالبات کو سیرتِ نبوی ؐ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی تلقین کی۔تقریب کے آخر میں کامیاب طالبات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے جبکہ تمام شرکاء کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز نے مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :