وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کا اجلاس

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:15

وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کا 23واں اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا جس قائمہ کمیٹی کے دیگر ممبران اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے 7سے زائد سفارشات پیش کی گئیں جن میں پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ایکٹ 2016میں ترامیم، سی بی ڈی سیالکوٹ سائٹ کو سائٹ ڈویلپمنٹ زون میں شامل کرنے اور PCBDDA کے دائرہ کار میں لانے اور ضلع چکوال میں غریبوال سیمنٹ لمیٹڈ کو سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی کے اجراء اور صوبے میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لیے متعلقہ ڈویلپمنٹ ایجنسیز کو کنورژن چارجز سے استثنیٰ کی درخواست شامل تھی اس کے علاہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی جانب سے قصور میں اخوت انسٹی ٹیوٹ کے لیے چارٹرڈ کی منظوری دینے اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کی جانب سے ایکٹ 2025ء میں ترامیم اور مائنرز ویلفیئر بورڈ و مائنز لیبر ہاسنگ بورڈ کے قیام کی سفارشات بھی زیر بحث لائی گئیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سٹینڈنگ کمیٹی کی متفقہ رائے سے زیر بحث آنے والی تمام سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ایکٹ میں ترامیم سے ادارے کو مزید فعال اور بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ صوبائی وزیر نے سی بی ڈی سیالکوٹ سائٹ کو سائٹ ڈویلپمنٹ زون میں شامل کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ک یہ اقدام سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافے کو یقینی بنائے گا جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر خزانہ نے ضلع چکوال میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کی منظوری کو صنعتی ترقی کے لیے سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اس سے تعمیراتی شعبے کو فروغ اور مقامی معیشت کو استحکام ملے گا۔ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین کے حصول میں سہولت فراہم کرنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے قصور میں اخوت انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیا صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے نوجوان نسل کو بااختیار بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 میں ترامیم اور مائنرز ویلفیئر بورڈ و مائنز لیبر ہاسنگ بورڈ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایسے تمام اقدامات کان کنی سے وابستہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں لیے گئے فیصلے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا عملی اظہار ہے جو معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنا رہا ہے ۔