بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور میں سیکنڈ ائیر کے نتائج کا اعلان

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:55

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ممبر قومی اسمبلی محمداقبال چنڑ نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور کے زیر اہتمام ایف اے/ ایف ایس سی کے سالانہ امتحان کے نتائج کے اعلان کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پوزیشن ہولڈز میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم کامیاب ستاروں کے درمیان موجود ہیں،آ ج کی تقریب کے مہمان خصوصی یہ پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات ہیں،انہوں نے دن رات محنت کر کے اپنا، اپنے والدین سمیت اپنے اداراہ کا نام روشن کیا۔

قبل ازیں ممبرقومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن نیئرمصطفی نے بٹن دبا کر باضابطہ طور پر نتائج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں کنٹرولر امتحانات اسماء قاسم اور سیکرٹری بورڈ ظہور احمد چوہان سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بچوں کے والدین نے شرکت کی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مہمانوں نے پُرجوش انداز میں تالیاں بجا کر انہیں سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن نیر مصطفی نے پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات کو قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے یہی طلبا مستقبل میں ملک و قوم کی قیادت کریں گے۔ کنٹرولر امتحانات اسماء قاسم نے بتایا کہ مجموعی طور پر 55727اُمیدواروں امتحان میں شرکت کی جبکہ 35404 اُمیدوارکامیاب رہے،نتیجہ کا مجموعی تناسب 63.53فیصد رہا۔

سیکرٹری بورڈ ظہور احمد چوہان نے تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں، پوزیشن ہولڈر طلبا اور طالبات کا شکریہ ادا کیا۔مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنٹر اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن نیرمصطفی نے پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز، کیش پرائز اور اسناد تقسیم کیے۔