پاکستان اور شام کے عوام کے درمیان گہری محبت اور ہمدردی کے رشتے موجود ہیں، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی شامی سفیرسے گفتگو

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے شام میں بہتری اورمعمولاتِ زندگی کی بتدریج بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا کی جانب سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد شام دوبارہ عالمی نظام میں فعال کردار ادا کر سکے گا اور سرمایہ کاری و دوطرفہ تجارت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے،پاکستان اور شام کے عوام کے درمیان گہری محبت اور ہمدردی کے رشتے موجودہیں۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الراعی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر پاکستان اور شام کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کاجائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے شام کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے شام میں بہتری اور بتدریج معمولاتِ زندگی کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی جانب سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد شام دوبارہ عالمی نظام میں فعال کردار ادا کر سکے گا اور سرمایہ کاری و دوطرفہ تجارت کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر خزانہ نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور شام کے عوام کے درمیان گہری محبت اور ہمدردی کے رشتے موجود ہیں۔شام کے سفیرنے کہاکہ وہ پاکستان میں تقریباً تین سال خدمات انجام دینے کے بعد اس ملک کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ خود کو صرف شام کا سفیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کا خیر خواہ بھی تصور کرتے ہیں، جو ہمیشہ دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ اسرائیلی جارحیت کے بعد شام کو مکمل سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کرنے پر حکومتِ پاکستان، وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شام کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور خصوصاً 2023 کے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی انسانی امداد کاحوالہ دیا، سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سرگرم رہیں گے۔ انہوں نے سرکاری اور کاروباری وفود کے تبادلے کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ عوامی روابط کو بھی مضبوط کیا جا سکے۔ فریقین نے اس موقع پر پاکستان اور شام کے دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور اپنے عوام کی باہمی بھلائی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔