اسرائیل پر یورپی پابندیوں کی حمایت کے لئے تیار ہیں،اطالوی وزیر خارجہ

جمعہ 19 ستمبر 2025 12:13

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) اطالوی وزیر خارجہ انٹونیو تائیانی نے کہا ہے کہ روم ان اسرائیلی وزرا پر پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتا ہے جو غزہ اور مغربی کنارے کے حوالے سے ناقابل قبول موقف رکھتے ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے اطالوی سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسرائیل پر یورپی یونین کی تجارتی پابندیوں کا مطالعہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

یہ پابندیاں اس حد تک ہوں گی عام شہریوں کو متاثر نہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ روم ان اسرائیلی وزرا پر پابندیاں عائد کرنے کی حمایت کرتا ہے جو غزہ اور مغربی کنارے کے حوالے سے ناقابل قبول موقف رکھتے ہیں۔ یورپی کمیشن نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کے ردعمل میں اسرائیل پر وسیع پیمانے پر پابندیوں کی تجویز دی تھی جس میں بعض تجارتی مراعات کی معطلی بھی شامل ہے جو یورپی یونین کو برآمد ہونے والی تقریباً ایک تہائی اسرائیلی مصنوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کلاس نے بدھ کو کہا تھا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ غزہ کی صورتحال اب بھی غلط سمت میں جا رہی ہے۔ایک یورپی جائزے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ جنگ سے متاثرہ علاقے میں اسرائیلی اقدامات یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ معاہدہ دونوں فریقین کو انسانی حقوق کا احترام کرنے کا پابند کرتا ہے۔

کاجا کلاس نے یورپی یونین کے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی آباد کاروں کے ایک گروپ، قومی سلامتی کے وزرا ایتمار بن گویر اور مالیات کے وزیربزلیل سموٹریچ اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے 10 رہنماؤں پر پابندیاں عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ اقدامات اسرائیل یا اسرائیلی عوام کو سزا دینے کے لیے نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت پر اپنا موقف تبدیل کرنے اور غزہ میں انسانی تکلیف کو ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنے کے لیے تجویز کر رہے ہیں۔

جنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے، تکلیفیں رکنی چاہئیں اور تمام قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔تجویز میں شامل افراد پر عائد پابندیوں میں یورپی یونین کے ممالک میں موجود ان کے اثاثوں کو منجمد کرنا اور ان ممالک میں ان کے سفر پر پابندی شامل ہے۔