شامی وزیرخارجہ کا تاریخی دورہ امریکہ، امریکی حکام سے ملاقاتیں

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:38

دمشق( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)شام کے اعلی ترین سفارتکار نے اعلی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق شامی وزیر خارجہ نے امریکی سینیٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی کے سربراہ جم رش سے بھی ملاقات کی ہے، بعد ازاں چیئر مین کمیٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ملاقات بڑی مفید رہی۔ ملاقات کے دوران ان موضوعات کو بھی دیکھا گیا جن کے بارے میں شام کو یقین دلانا ہوگا ۔

تاکہ بین الاقوامی معیشت میں کردار ادا کرنے اور اس سے استفادہ کرنے کے لیے شام موقع پا سکے۔چیئرمین فارن ریلیشنز کمیٹی نے کہا شام کے پاس بڑا موقع ہے کہ یہ اپنے ہاں مستحکم جمہوریت کا اہتمام کرے۔خطے میں جاری صورت حال میں یہ فوری ضرورت کا کام ہے۔ مجھے یہ بھی امید لگی ہے کہ یہ صحیح سمت پر ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی رکن جینی شاہین نے کہا کہ شامی معیشت اس وقت سخت بحرانی حالت میں ہے۔

ان حالات میں شام کو حکومتی امور چلانے کے لیے بھی وسائل کی ضرورت ہے۔ اس ڈیموکریٹ سینیٹر نے کہا کہ اگر امریکہ نے اسے معاشی سہولت دینے کے لیے پابندیاں اٹھانے میں دیر کی تو اس سے شام کے دوبارہ مسائل اور کشیدگی میں گھر جانے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔ اس لیے ہمارے پاس ایک چھوٹی سی کھڑکی ہے جس کے ذریعے ہم شام کو استحکام و ترقی کے راستے پر لانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینیٹر شاہین نے کہا کہ اب جبکہ شام کے بارے میں دونوں جماعتوں کے ارکان کانگریس نے شام کا دورہ کیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کے حکام بھی شام جا چکے ہیں اور سبھی باہم متفق ہیں کہ شام کو پرانے حالات سے نکالنا چاہیے تو سینیٹ کو چاہیے کہ شام پر عائد پابندیاں ختم کر دے۔