متحدہ عرب امارات ، ٹیکنالوجی انویشن انسٹی ٹیوٹ اوراین ویڈیا کی مصنوعی ذہانت و روبوٹکس پلیٹ فارمز کیلئے مشترکہ ریسرچ لیبارٹری کا آغاز

پیر 22 ستمبر 2025 16:39

متحدہ عرب امارات ، ٹیکنالوجی انویشن انسٹی ٹیوٹ  اوراین ویڈیا کی مصنوعی ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) ابو ظہبی کے ٹیکنالوجی انویشن انسٹی ٹیوٹ (ٹی آئی آئی) اور امریکی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) نے متحدہ عرب امارات میں مشترکہ ریسرچ لیبارٹری کا آغاز کیا ہے جو نئی نسل کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈلز اور روبوٹکس پلیٹ فارمز کی تیاری پر مرکوز ہوگی۔رائٹرز کے مطابق انسٹی ٹیوٹ نے پیر کو جاری بیان میں کہا کہ یہ مرکز مشرق وسطیٰ میں پہلا Nvidia AI ٹیکنالوجی سینٹر ہے جو انسٹی ٹیوٹ کی کثیرالجہتی تحقیق کو امریکی کمپنی کے اے آئی ماڈلز اور کمپیوٹنگ پاور کے ساتھ جوڑے گا جو دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے انقلاب کو تقویت دے رہے ہیں۔

ٹی آئی آئی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نجویٰ عارج نے بتایا کہ معاہدے کے تحت انسٹی ٹیوٹ کو مخصوص Edge GPU چپس استعمال کرنے کی اجازت ملے گی تاکہ روبوٹکس اور دیگر شعبوں میں تحقیق کو آگے بڑھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ایک نئی چپ ہوگی جسے ہم استعمال کریں گے، اس کا نام تھور (Thor) چپ ہے اور یہ جدید روبوٹک سسٹمز کی تیاری کو ممکن بناتی ہے۔ ٹی آئی آئی ابو ظہبی کی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی ریسرچ کونسل کا عملی تحقیقی ادارہ ہے جو امارات کو عالمی اے آئی پلیئر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

نجویٰ عارج نے کہا کہ ٹی آئی آئی کافی عرصے سے امریکی کمپنی کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے اور اپنی زبان کے ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے این ویڈیا چپس استعمال کر رہا ہے، مشترکہ لیبارٹری کے قیام پر بات چیت تقریباً ایک سال پہلے شروع ہوئی تھی اور اس مرکز میں دونوں اداروں کی ٹیمیں موجود ہوں گی جبکہ اس منصوبے کے لیے خصوصی طور پر مزید عملہ بھی بھرتی کیا جائے گا۔