لبریشن فرنٹ کا پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

کشمیر کی تاریخ میں پروفیسر بٹ کو ان کے وژن، خدمات ، قربانیوں اور مدبرانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے پارٹی قیادت کی جانب سے پروفیسر عبدالغنی بٹ کو تحریک آزادی کشمیر میں ان کی گرانقدر خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں پروفیسر بٹ کو ان کے وژن، خدمات ، قربانیوں اور مدبرانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پروفیسر بٹ ایک امن پسند، عظیم مدبر، دانشور، ماہر تعلیم اور مقبوضہ جموں کشمیر کے دور اندیش سیاسی رہنما تھے۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر بٹ کے انتقال سے جدوجہد آزادی کشمیرمیں پیدا ہونے والے خلا کو پر نہیں کیاجاسکتا ۔

(جاری ہے)

رفیق ڈار نے مزید کہا کہ مسلم یونائیٹڈ فرنٹ سے لے کر کل جماعتی حریت کانفرنس تک انہوں نے خود کو ایک بے مثال اوردور اندیش لیڈر ثابت کیا اوروہ ہمیشہ عقل و دانش کی بات کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ پروفیسر عبدالغنی بٹ گزشتہ چند دہائیوں کی جدوجہد آزادی کشمیر کی عظیم یادیں اپنے سینے میں لئے داعی اجل کہہ گئے۔رفیق ڈار نے لبریشن فرنٹ کی قیادت کی طرف سے پروفیسر بٹ کے اہل خانہ اور بالخصوص کشمیری عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔