امریکا میں انوکھی ڈکیتی، اسکوبا گیئر میں ملبوس شخص نقدی لوٹتا تیر کر فرار

ملزم نے ریستوران تک پانی کے راستے پہنچنے کے ساتھ ساتھ فرار کے لیے بھی یہی طریقہ اپنایا،ذرائع

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:25

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ڈزنی اسپرنگز کے مشہور ریستوران میں ایک انوکھے انداز کی ڈکیتی کی گئی جس نے سب کو حیران کر دیا، ڈاکو نے روایتی ماسک کے بجائے اسکوبا گیئر پہن رکھا تھا اور واردات کے بعد مبینہ طور پر تیر کر فرار ہوگیا۔اورنج کائونٹی شیرف آفس کے مطابق یہ واقعہ ریستوران بند ہونے کے بعد پیش آیا جب اس میں صرف عملہ موجود تھا، ملزم نے سیاہ رنگ کے ویٹ سوٹ جیسا لباس، دستانے اور چشمہ پہنا ہوا تھا جبکہ پاں میں صرف موزے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ملزم نے عملے کو گھٹنوں کے بل بٹھا کر نقدی کا مطالبہ کیا اور 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی رقم لے اڑا۔تحقیقات میں بتایا گیا کہ ملزم نے ریستوران سے نکلتے ہی یا تو اسکوبا سوٹ وہیں پھینک دیا یا کہیں چھپا دیا، جبکہ مقامی ذرائع کا کہناتھا کہ اس نے ریستوران تک پانی کے راستے پہنچنے کے ساتھ ساتھ فرار کے لیے بھی یہی طریقہ اپنایا۔

(جاری ہے)

واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عجیب و غریب تفصیلات نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔پولیس نے ریستوران کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور مشتبہ شخص کی تصاویر جاری کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو وہ سینٹرل فلوریڈا کرائم لائن یا شیرف آفس سے رابطہ کرے۔