اطالوی حکومت کا فاکس نیوز کی اینکر ماریا بارتی رومو کو خصوصی شہریت دینے کا فیصلہ

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:27

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2025ء) اٹلی کی وزیرِاعظم جورجیا میلونی کی سخت گیر حکومت نے امریکی نشریاتی ادارے کی معروف اینکر اور کاروباری صحافی ماریا بارتی رومو کو ’’خصوصی خدمات‘‘ کے اعتراف میں اطالوی شہریت دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔وزارتِ داخلہ کے سربراہ میٹیو پیانتی دوزی نے کابینہ میں یہ تجویز پیش کی، جسے سرکاری بیان کے مطابق منظور کر لیا گیا۔

حکومت نے کہا کہ ’اپنے 30 سالہ صحافتی کیریئر کے دوران بارتی رومو نے امریکہ اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اطالوی اداروں کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم کا ثبوت دیا ہے۔یہ تجویز اب اٹلی کے صدر سرجیو مٹاریلا کو بھیجی جائے گی جو منظوری کے بعد بارتی رومو کو باقاعدہ شہریت عطا کریں گے۔

(جاری ہے)

بارتی رومو اپنی اطالوی جڑوں پر ہمیشہ فخر کرتی رہی ہیں۔

وہ بتاتی ہیں کہ ان کے داداکارمائین 11 سال کی عمر میں امریکہ ہجرت کر گئے تھے۔ ان کے والد کا تعلق نیپلز سے اور والدہ کا تعلق سسلی کے شہر آگریجنٹو سے ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ میلونی حکومت نے رواں سال اطالوی پاسپورٹ کے قوانین مزید سخت کر دیے تھے، جن کے تحت اب صرف وہ افراد شہریت کے اہل ہیں جن کے والدین یا دادا دادی اطالوی ہوں، جبکہ پہلے چار پشتوں تک نسب کی بنیاد پر شہریت کا دعویٰ کیا جا سکتا تھا۔

تاہم بارتی رومو کو شہریت ’’خصوصی خدمات‘‘ کی بنیاد پر دی جا رہی ہے جو قوانین کے مطابق ہے۔اس فیصلے نے اٹلی میں خاصی توجہ حاصل کی ہے کیونکہ بارتی رومو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کھلی حمایت کے لیے مشہور ہیں اور انہیں سازشی نظریات کو فروغ دینے کے الزامات کا بھی سامنا رہا ہے۔ بارتی رومو پر 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں انتخابی دھاندلی سے متعلق بے بنیاد دعوؤں پر ٹیکنالوجی کمپنی سمارٹمیٹک کی جانب سے اربوں ڈالر کے ہرجانے کے مقدمات بھی دائر کیے گئے تھے۔