سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبرپختونخوا کا گورکن مٹلتان 84میگاواٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ اور گبرال کالام ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبرپختونخوا محمد زبیر اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے گورکن مٹلتان 84 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ اور گبرال کالام ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران دونوں منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر زمین مالکان کے مسائل سنے گئے جبکہ وئیر ہاس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے اسسٹنٹ کمشنر بحرین کو ہدایت دی کہ گبرال کالام ہائیڈرو پاور پلانٹ کا گودام جلد از جلد پیڈو کے حوالے کیا جائے۔سیکرٹری انرجی اینڈ پاور نے عوامی شکایات پر متعلقہ حکام کو پانی کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے روزگار کے تحفظ کا مطالبہ کیا جبکہ گورکن مٹلتان ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ اٹھایا، جس پر بقایا جات کی فوری ادائیگی کے احکامات جاری کئے گئے۔

پیڈو نمائندوں نے بتایا کہ کنئی روڈ کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی، جس کے لئے اسسٹنٹ کمشنر بحرین کو زمین حوالے کرنے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور نے ہدایت دی کہ حاصل شدہ زمین پر ایک پارک یا باغ قائم کیا جائے اور وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے تاکہ عوام کو تفریح اور سہولت فراہم کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :