نان فائلرز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کیخلاف اکتوبر سے کریک ڈاؤن کی تیاری

30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے‘ذرائع ایف بی آر

ہفتہ 20 ستمبر 2025 11:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء) ایف بی آر نے نان فائلرز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے جس کے بعد اکتوبر سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع ہوں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز انفلوئنسرز کی تفصیلات نادرا سے حاصل کرلی گئی ہیں، ان کے بینک اکاؤنٹس، اخراجات، بیرون ملک سفر، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈ کی معلومات ایف بی آر کے پاس موجود ہیں۔

ایف بی آر مانیٹرنگ کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سٹارز کا ڈیٹا چیک کرے گا، نان فائلرز جو مہنگی گاڑیوں، گھروں، کپڑوں اور جیولری کی نمائش کرتے ہیں وہ ایف بی آر کی گرفت میں آئیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں نہ آنے والے شوبز اور سوشل میڈیا سے جڑے بااثر افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ قومی خزانے میں ٹیکس وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔