یوٹیوبر رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں رجب بٹ کو بیٹے کی پیدائش پر برطانیہ میں جشن بھی مناتے دیکھا گیا

ہفتہ 20 ستمبر 2025 15:16

یوٹیوبر رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء) معروف اور متنازع یوٹیوبر رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی تاہم انہوں نے تاحال اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر اپنے والد بننے کی کوئی تصدیق نہیں کی۔متعدد یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی جانب سے رجب بٹ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کی ویڈیوز شیئر کی گئیں، جن میں یوٹیوبر کی اہلیہ ایمان بٹ کو ہسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔

یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رجب بٹ کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں رجب بٹ کو بیٹے کی پیدائش پر برطانیہ میں جشن بھی مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ایک ویڈیو میں رجب بٹ اپنی والدہ سے فون پر بات بھی کرتے دکھائی دیے، جس میں وہ والدہ کو دادی بن جانے پر مبارک باد بھی دیتے دکھائی دیئے ۔

(جاری ہے)

رجب بٹ نے والدہ کو بتایا کہ جلد ہی پوری رجب بٹ فیملی بچے کی پیدائش کا جشن منائے گی اور خوشیوں کے دن آنے والے ہیں۔رجب بٹ نے ایمان بٹ سے دسمبر 2024ء میں شادی کی تھی اور شادی کے ایک سال بعد ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔شادی کے چند ماہ بعد ان کے اور اہلیہ کے درمیان مبینہ اختلافات کی خبریں بھی پھیلتی رہیں لیکن انہوں نے کبھی ایسی خبروں پر وضاحت نہیں دی تھی۔

شادی کے چند ہفتوں بعد ہی رجب بٹ کو پولیس نے شادی کے تحفے میں شیر کا بچہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا اور بعد ازاں ان کے خلاف دیگر تنازعات بھی سامنے آئے اور انہیں متعدد بار گرفتار کرکے بعد ازاں رہا کردیا گیا۔رجب بٹ پر چند ماہ قبل توہین مذہب کا الزام بھی لگا، جس کے بعد وہ بیرون ملک منتقل ہوگئے، ابتدائی طور پر خبریں تھیں کہ وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)منتقل ہوگئے لیکن بعد ازاں خبریں آئیں کہ وہ برطانیہ شفٹ ہوگئے۔رجب بٹ نے خود پر توہین مذہب کے الزامات لگنے کے بعد معافی بھی مانگی تھی لیکن کبھی انہوں نے بیرون ملک منتقل ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔