اسلام آباد ، ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں فرد جرم عائد، ملزم کا صحت جرم سے انکار

ہفتہ 20 ستمبر 2025 16:03

اسلام آباد ، ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں فرد جرم عائد، ملزم کا صحت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء) ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کر دی گئی، ملزم نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد افضل مجوکہ نے ثنا یوسف قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کی، عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ ثنا یوسف کو آپ نے قتل کیا ہے، کیا کہتے ہیں ملزم نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی بھی جرم نہیں کیا، یہ سب جھوٹ ہے۔

عدالت نے پوچھا آپ کے اوپر الزام ہے کہ آپ نے ثنا یوسف کا موبائل فون بھی چھینا تھا ملزم نے جواب دیا کہ تمام الزامات جھوٹے ہیں، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 (ارادی قتل) کے تحت درج کیا گیا تھا، بعد ازاں تکینیکی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے عمر حیات نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔17 سالہ ٹک ٹاکر اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے مشہور تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے۔