ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا آئی سی سی آئی کا دورہ، صدر سردار طاہر محمود کو بلامقابلہ انتخاب پر مبارکباد

ہفتہ 20 ستمبر 2025 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، عرفان نواز میمن نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود کو بلامقابلہ انتخاب پر مبارکباد دینے کے لیے چیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آئی سی سی آئی کی جانب سے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور شہری مسائل کے حل میں مثبت کردار کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینے ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے اہم ہیں، لہٰذا احتیاطی اقدامات، خصوصاً ٹھہرے ہوئے پانی کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈینگی سے بچاؤ، صحت عامہ کے تحفظ، قیمتوں پر کنٹرول، تجاوزات کے خاتمے، صفائی اور بھکاریوں کے خلاف کارروائی میں انتظامیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ آگاہی مہمات، احتیاطی اور اصلاحی اقدامات جرمانوں یا گرفتاریوں سے زیادہ موثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے اسلام آباد کو عالمی سطح کا کاروباری مرکز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری، اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی موجود تھے، اور شہری مسائل کے حل اور معاشی ترقی کے لیے بھرپور تعاون پر زور دیا۔