بلوچستان کے عوام مائن اینڈ منرلز بل کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے،جمہوری وطن پارٹی

ہفتہ 20 ستمبر 2025 18:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے حالات پر نیشنل میڈیا کا مکمل بلیک آؤٹ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ نیشنل میڈیا بلوچستان کی اصل تصویر دنیا کے سامنے لانے کے بجائے صرف جھوٹ اور پروپیگنڈے پر اپنا بیانیہ قائم کر رہا ہے۔ہم واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام مائن اینڈ منرلز بل کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔

یہ بل عوام کے وسائل پر ڈاکہ ہے۔ اسی طرح ریکوڈک کا سودا بلوچ قوم کی معاشی خودمختاری کے خلاف ہے، جسے کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سی پیک، سائل اور سمندر بلوچ قوم کی ملکیت ہیں۔ یہ ہماری اجتماعی امانت اور عوامی حق ہے، کسی بھی قیمت پر اس حق سے دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمہوری وطن پارٹی عالمی میڈیا، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور دنیا کے ہر آزاد صحافی کو دعوت دیتی ہے کہ وہ بلوچستان آئیں اور حقائق کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر دنیا کے سامنے لائیں، کیونکہ نیشنل میڈیا نے عوامی سچائی کو دبانے کی سازش کی ہے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کو فارم 47 کی جعلی حکومت کے ذریعے چھینا گیا ہے، جس کے باعث عوامی مشکلات اور ناانصافیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔