Live Updates

پنجاب حکومت نے ٹریفک مسائل کے حل اور اربن فلڈنگ کے خطرات سے بچنے کی حکمت عملی تیار کرلی

ڈویلپمنٹ اتھارٹیوں میں ٹیپا کی طرز پر ایجنسیاں قائم کرنے کا فیصلہ، ادارے سڑکوں کی تعمیر سے قبل روڈ لیول اورسائنیج کیلئے این اوسی لینے کے پابند ہوں گے، ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:27

پنجاب حکومت نے ٹریفک مسائل کے حل اور اربن فلڈنگ کے خطرات سے بچنے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2025ء) ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سڑکوں کی اقسام کی بنیاد پر روڈ لیولز کا تعین کیا جائے گا اور ٹیپا کے تجویز کردہ رولز کی منظوری لی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، سی بی ڈی اور دیگر متعلقہ ادارے پوٹ ہولز اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی نشاندہی اور مرمت کریں گے جبکہ پی ایچ اے اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے گرین بیلٹس پر کام کرے گی۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ واسا سیوریج سسٹم کے علاوہ بارشی پانی کے نکاس کا نظام تشکیل دے گا اور تمام متعلقہ ادارے سڑکوں کی تعمیر سے قبل روڈ لیول اور سائنیج کے لیے ٹیپا سے این او سی لینے کے پابند ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق صوبے کی دیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیوں میں بھی ٹیپا ایجنسیاں تشکیل دی جائیں گی اور جی پی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے توجہ طلب پوائنٹس کی نشاندہی اور مانیٹرنگ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے لیے سمری پر کام جاری ہے اور تمام اقدامات شہریوں کو اربن فلڈنگ کے خطرات سے بچانے میں کارگر ثابت ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق ٹیپا کے تجویز کردہ رولز سے ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی جبکہ گرین بیلٹس کی اونچائی کو کم کرکے اربن فلڈنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق روڈ اور پلنتھ لیول کے تعین سے شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔

مزید برآں ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق واسا رسپانس فورس کا مقصد اربن فلڈنگ اور مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنا ہے۔ فورس کو بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے دستیاب وسائل سے تشکیل دیا گیا ہے تاکہ فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ واسا رسپانس فورس میں لاہور اور فیصل آباد کے 14 افسران اور اہلکار شامل ہیں، جن میں ایم ڈی واسا لاہور کو فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیم میں 2 ڈائریکٹر انجینئرنگ، 2 ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا لاہور، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد، 2 سب انجینئر لاہور اور 2 واسا فیصل آباد کے افسران شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق واسا فورس میں بڑی تعداد میں مشینری بھی شامل کی گئی ہے جن میں 18 ڈی واٹرنگ سیٹ، 10 ڈمپنگ ٹرک، 10 پمپس، 7 سکشن پمپس، 5 جیٹنگ مشینز، 4 ایکسکویٹر اور 6 واٹر ٹینکرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جنریٹرز، ڈیسلٹنگ مشینیں اور دیگر آلات بھی فورس کا حصہ ہوں گے۔ حالیہ گجرات اور سیالکوٹ کی صورتحال سے سبق سیکھتے ہوئے یہ اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا رسپانس فورس کا موبلائزیشن پلان بھی تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات