وزیراعلیٰ سندھ کا اونٹ پروحشیانہ تشدد کرنے والے والو ں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:23

وزیراعلیٰ سندھ کا اونٹ پروحشیانہ تشدد کرنے والے والو ں کے خلاف فوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2025ء)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر کے علاقے روہڑی میں ہونے والے بھیانک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین حملہ آوروں جنہوں نے اونٹ پر وحشیانہ تشدد کرکے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی، کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی سندھ نے جانور پر ہونے والے ظلم کو "ناقابل برداشت" قرار دیتے ہوئے سکھر پولیس کو ہدایت کی کہ مجرمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے مثالی سزا دی جائے۔

وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر سکھر پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان میں سے دو کو کامیابی سے گرفتار کر لیا۔ ملزم قربان بروہی کو آج سب سے پہلے گرفتار کیا گیا ، جب کہ پولیس نے دوسرے ملزم رسول بخش شیخ کو ایس ایچ او کندھارا کی جانب سے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

تیسرے نامزد ملزم کا سراغ لگانے اور گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دریں اثنا زخمی اونٹ روہڑی میں ویٹرنری میں زیر علاج ہے جس کی نگرانی ضلع کونسل کے چیئرمین سید کمیل شاہ کر رہے ہیں جو پہلے ہی وزیر اعلی سندھ کو تفصیلی رپورٹ پیش کر چکے ہیں۔ سندھ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جانور کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر خصوصی علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جائے گا۔اونٹ کے مالک محمد امین نے جانور کو بچانے کے لیے فوری تعاون اور کوششوں پر سندھ حکومت، وزیراعلی مراد علی شاہ اور چیئرمین کمیل شاہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلی سندھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سندھ میں ایسی ظالمانہ کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔