صدر آصف علی زرداری کا کاشغر یونیورسٹی کا دورہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025 20:27

صدر آصف علی زرداری کا کاشغر یونیورسٹی کا دورہ
کاشغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کاشغر یونیورسٹی کا دورہ کیا اور سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت، سماجی علوم، فنون، موسیقی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے قریب ترین چینی یونیورسٹی ہونے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان علمی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق کاشغر یونیورسٹی پہنچنے پر یونیورسٹی کے سیکرٹری ڈنگ بانگ وین، کاشغر میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ ( سی پی سی) کے سیکرٹری یاو نِنگ،فیکلٹی اور طلبہ نے صدر آصف علی زرداری کا پرتباک استقبال کیا ۔ صدر مملکت کو یونیورسٹی کی تاریخ اور سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ادارہ 1962 میں قائم ہوا اور 2015 میں یونیورسٹی کا درجہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

تین کیمپسز پر مشتمل اس ادارے میں اس وقت 40 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ مستقبل قریب میں یہ تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے ۔ صدر مملکت زرداری نے سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت، سماجی علوم، فنون، موسیقی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے قریب ترین چینی یونیورسٹی ہونے کے باعث دونوں ممالک کے درمیان علمی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان۔چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور تعلیم میں سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے طویل المدتی تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں قائم سی پیک سینٹر کا بھی ذکر کیا جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تحقیق اور تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی جن کا تعلق گلگت، ہنزہ، دیر اور چترال سے ہے۔

طلبہ نے بتایا کہ ان کی تعلیم اور رہائش کے اخراجات چینی حکومت برداشت کرتی ہے اور انہیں وظیفہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دلجمعی سے تعلیم حاصل کریں اور پاکستان۔چین دوستی کو مزید مستحکم بنائیں ۔ صدر کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے وزیر سید ناصر حسین شاہ، پاکستان کے سفیر برائے چین اور چین کے سفیر برائے پاکستان بھی موجود تھے۔