پنجاب بار کونسل کے انتخابات ، امیدواروں کی انتخابی مہم تیز

اتوار 21 ستمبر 2025 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) پنجاب بار کونسل کے امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ۔پنجاب بار کونسل کے انتخابات یکم نومبر کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں منعقد ہوں گے،جاری شیڈول کے مطابق پنجاب بار کونسل کے انتخابی حلقوں کی نشستوں کی فہرست پیر22 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔ امیدوار منگل سے4 اکتوبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا سکیں گے۔

امیدواروں کے ناموں کی عبوری فہرست6 اکتوبر کو جاری ہوگی، جبکہ16 اکتوبر کو امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔علاوہ ازیں پنجاب بار کونسل الیکشن2025 تا2030 کے الیکشن میں کیو آر کوڈ حاصل کرنے والے رجسٹرڈ وکلا ہی ووٹ ڈال سکیں گے اس حوالے سے وکلا کو30 ستمبر تک اپنی رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ، پنجاب بار کونسل الیکشن کے لئے رولز کے تحت ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز ریٹرننگ افسر ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بار کونسل رولز کے تحت ایڈوکیٹ جنرل بربنائے عہدہ بار کونسل کے چیئرمین ہوتے ہیں اور الیکشن عمل کو انجام دینے کے لئے ریٹرننگ افسر بھی ہوتے ہیں۔پنجاب بار کونسل نے امیدواروں کے لیے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ امیدواروں کو بینرز، پینا فلیکس، ہورڈنگز، اشتہارات اور سٹیکرز کے استعمال سے روک دیا گیا ہے، امیدواروں یا ان کے حامیوں کو اسلحہ کی نمائش سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدوار نہ تو ووٹرز کے گھروں میں جا کر ووٹ مانگ سکیں گے اور نہ ہی کھانے، چائے یا دیگر ضیافت دے سکیں گے، امیدوار صرف ذاتی ملاقات، خط یا پانچ بائی تین انچ کے سپیشل وزٹنگ کارڈ کے ذریعے ووٹرز سے رابطہ کر سکیں گے جبکہ قواعد کی کسی بھی خلاف ورزی کو "مس کنڈکٹ" تصور کیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور الیکشن لڑنے کے لیے نااہلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔