پی اے سی کے ایکشن پر محکمہ معدنیات نے عثمان بزدار دور میں ہونے والی 202ملین کی بے ضابطگی کی رقم وصول کرلی

سٹورزآئٹم کی مد میں6.535 ملین ،ٹھیکہ دارسے 3.519،غیر قانونی طور پر کوئلہ نکالنے کی مدمیں55.850ملین روپے وصول نمک کی مارکیٹ سے کم قیمت مقرر کرنے پر136.959ملین روپے کا آڈٹ پیرا بھی سیٹل کرلیا گیا،کمیٹی کو تحریری آگاہ کر دیا گیا

اتوار 21 ستمبر 2025 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کے ایکشن پر محکمہ معدنیات نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں ہونے والی 202ملین کی بے ضابطگی کی رقم وصول کر کے رپورٹ کمیٹی کو بھجوا دی ۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ معدنیات پنجاب نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزداردور میں202روپے ملین روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے معاملات نمٹادئیے ہیں اورمالی بے ضابطگیوں میں ملوث افراد سے رقم وصول کرلی گئی۔

(جاری ہے)

یہ وصولی پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو کے ایکشن پر کی گئی اور محکمہ معدنیات نے رقم وصولی کی رپورٹ بھی بھجوادی ہے ۔سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں 2021-22میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں کی ریکوری کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی ۔ بتایا گیا ہے کہ سٹورزآئٹم کی مد میں6.535 ملین روپے کی وصولی کی گئی ۔ٹھیکہ دارسے 3.519ملین روپے کی عدم وصولی پربھی ایکشن لیتے ہوئے رقم وصول کی گئی،غیر قانونی طور پر کوئلہ نکالنے کی مدمیں55.850ملین روپے کی عدم وصولی سامنے آئیجس پر کارروائی کر کے محکمہ نے رقم وصول کرلی،نمک کی مارکیٹ سے کم قیمت مقرر کرنے پر136.959ملین روپے کا آڈٹ پیرا بھی سیٹل کرلیا گیا۔