مال بردار ٹرین کی 13 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، دونوں ٹریک بند، ریلوے کو لاکھوں روپے نقصان کی صورت میں ادا کرنا ہوں گے

اتوار 21 ستمبر 2025 16:45

مال بردار ٹرین کی 13 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، دونوں ٹریک بند، ریلوے کو ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)کراچی سے یوسف والا جانے والی مال بردار ٹرین کی 13 بوگیاں میٹنگ اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ ٹریک بری طرح متاثر ہونے سے عارضی طور پر معطل ہوگیا۔ریلوے حکام کے مطابق مال بردار ٹرین کوئلہ لیکر کراچی سے یوسف والا جا رہی تھی، حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوئی جبکہ مسافر ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روکا گیا۔

(جاری ہے)

قراقرم، ملت، کراچی ایکسپریس، تیزگام اور گرین لائن سمیت دیگر ٹرینوں کی روانگی متاثر ہوئی۔امدادی کاموں کے لیے ریلوے عملہ اور کرین طلب کر لی گئی، رات سے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ گئے۔مال بردار بوگیوں کی بحالی کے لیے ڈائون ٹریک پر کرین موجود ہونے پر اپ اور ڈائون ٹریک دونوں بند ہوگئے۔ ٹرینوں کی آمدورفت چند گھنٹوں ڈائون ٹریک سے بحالی کے بعد ایک بار پھر ریلوے انتظامیہ نے بند کر دی۔ریلوے حکام کے مطابق 13 بوگیوں میں سے 6 بوگیوں کو ٹریک سے ہٹایا جا چکا ہے جبکہ اب بھی 7 بوگیاں ٹریک پر موجود ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کو لاکھوں روپے نقصان کی صورت میں پاور ہاوس کو ادا کرنے ہوں گے۔