حاضر سروس ملازمین 2 ماہ سے اضافہ کردہ تنخواہیں اور پنشنرز 2 ماہ کی اضافی پنشن سے محروم

کے ایم سی انتظامیہ نے دو ماہ سے کے ایم سی کے ریٹائرڈ و وفات یافتہ ملازمین کے لیو انکیشمنٹ، فنانشل اسسٹنس کی ادائیگی بھی بند کردی

اتوار 21 ستمبر 2025 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی مالیاتی انتظامیہ نے دو ماہ سے کے ایم سی کے ریٹائرڈ ملازمین کی لیو انکیشمنٹ اور وفات یافتہ ملازمین کی لیو انکیشمنٹ و فنانشل اسسٹنس کی ادائیگی بند کردی ہے جس کی وجہ سے لیو انکیشمنٹ واجبات کی مد میں 3 کروڑ 30 لاکھ اور فنانشل اسسٹنس کی مد میں 1 کروڑ واجب الادا ہیں۔

اسی طرح کے ایم سی انتظامیہ نے حاضر سروس ملازمین کو 2 ماہ سے اضافہ کردہ تنخواہیں اور پنشنرز کو 2 ماہ کی اضافی پنشن بھی ادا نہیں کی۔ اسی طرح حاضر سروس ملازمین کے 13 ماہ کے تنخواہوں کے واجبات اور پنشنرز کے 2019 اور 2020 کا اضافہ بھی ادا طلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو کے ایم سی کو ہر ماہ میونسپل یوٹیلٹی ٹیکس کی مد میں 24 کروڑ ماہوار کے الیکٹرک سے مل رہے ہیں دوسری جانب تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے 65 کروڑ کی اسپیشل گرانٹ اور پنشن کٹوتی کی مد میں براہ راست کالعدم ڈی ایم سیز سے 39 کروڑ 97 لاکھ کی رقم جاری کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود یہ ادائیگیاں نہ ہونا ایک سوالیہ نشان چھوڑ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکریٹری فنانس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :