ٹیکس نیٹ سے باہر یا کم ٹیکس دینے والے جیولرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ایف بی آر نے ٹیکس شکنجہ تیار کرتے ہوئے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 11:50

ٹیکس نیٹ سے باہر یا کم ٹیکس دینے والے جیولرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) ملک میں ٹیکس نیٹ سے باہر یا کم ٹیکس دینے والے جیولرز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کا اس حوالے سے 60 ہزار جیولرز کا ڈیٹا جمع کیا گیا جن میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اوران 21 ہزار رجسٹرڈ جیولرز میں سے بھی صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں جب کہ بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپا رہے ہیں، ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سے ہے، جن کی ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور رہن سہن کے مطابق نہیں ہے، کئی ہزار جیولرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہو رہے، ٹیکس کم دینے والے جیولرز سے نوٹسز کے ذریعے جواب طلب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر اپنا لگژری لائف سٹائل دکھانے والے صارفین کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ایک لاکھ کے قریب امیر افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، شادیوں پر شاہانہ خرچ کرنے والے نان فائلرز کو بھی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا، اتھارٹی نے ان لوگوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی ہیں جو آن لائن اپنے لگژری طرز زندگی کی نمائش کرتے ہیں، جن میں حویلی، مہنگی کاریں، زیورات اور دیگر اثاثے شامل ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ شادیوں میں 20 ہزار ڈالرز تک کے سوٹ پہننے والے افراد بھی ٹیکس کے دائرے میں آئیں گے، ایف بی آر ایسے افراد سے اان کے ذرائع آمدن کو ظاہر کرنے کا مطالبہ کرے گا، مزید یہ کہ ٹیکس اتھارٹی گزشتہ سال جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کا اس سال جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں سے موازنہ کرے گی، اگر ان کی طرف سے جمع کرائے گئے ٹیکس ایسے افراد کے واضح اخراجات اور دولت کی نمائش کے مطابق اضافے کی عکاسی نہیں کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔