کوہستان سکینڈل میں پیشرفت؛ مرکزی ملزم نے پلی بارگین کی درخواست دیدی

ملزم کے 10 ارب روپے سے زائد کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس موجود، قیصر اقبال کی پلی بارگین کی درخواست ایک دو روز میں منظور کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 11:24

کوہستان سکینڈل میں پیشرفت؛ مرکزی ملزم نے پلی بارگین کی درخواست دیدی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) کوہستان میگا سکینڈل میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں سی اینڈ ڈبلیو داسو کوہستان کے ہیڈ کلرک قیصر اقبال نے پلی بارگین کے لیے احتساب عدالت میں درخواست جمع کرا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دل، پھیپھڑوں اور کینسر کے عارضے میں مبتلا ہے اور اس وقت ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہے، ملزم نے شدید بیماری کے باعث پلی بارگین کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی ہے، ملزم کی جانب سے اپنے بینک اکاؤنٹس اور اربوں روپے کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم قیصر اقبال نے واجب الادا تمام رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے 10 ارب روپے سے زائد کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس موجود ہیں، ملزم نے اپنے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی مکمل جانچ پڑتال کی بھی درخواست کی ہے، قیصر اقبال کی پلی بارگین کی درخواست ایک دو روز میں منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کوہستان میں اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے سکینڈل میں نیب کی جانب سے مرکزی ملزم محمد ایوب کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی جاچکی ہے، پلی بارگین کے تحت ملزم ایک ارب 45 کروڑ روپے کی رقم واپس کرنے پر رضامند ہوا ، جس کی منظوری چیئرمین نیب کی جانب سے دے دی گئی ، محمد ایوب پر مجموعی طور پر 3 ارب 45 کروڑ روپے کی بینک منتقلیوں کا الزام ہے، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں خریدیں جنہیں نیب نے منجمد کر دیا اور جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔