یو این چیف کا وسطی افریقہ میں چار یو این امن کاروں کی ہلاکت پر افسوس

یو این اتوار 21 ستمبر 2025 22:15

یو این چیف کا وسطی افریقہ میں چار یو این امن کاروں کی ہلاکت پر افسوس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے وسطی جمہوریہ افریقہ میں ادارے کے مشن سے وابستہ چار اہلکاروں کی حادثے میں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ واقعہ 16 ستمبر کو اس وقت پیش آیا جب امن کاروں کی بکتر بند گاڑی بنگوئی سے بامباری جاتے ہوئے دریائے اومبیلا ایمپوکو میں گر گئی۔ اس حادثے میں دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک لاپتہ ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے تمام اہلکار مشن کے پولیس یونٹ میں تعینات تھے اور ان کا تعلق جمہوریہ کانگو سے تھا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان ستیفن ڈوجیرک کے مطابق، سیکرٹری جنرل نے ہلاک ہونے والے امن کاروں کے خاندانوں اور کانگو کے عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

امن کاروں کو خراج تحسین

انہوں نے اس مشکل وقت میں مشن کے ساتھ یکجہتی اور وسطی جمہوریہ افریقہ کے حکام اور لوگوں کے لیے ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے کیمرون سے تعلق رکھنے والے غوطہ خوروں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے جو اس حادثے میں لاپتہ ہونے والے اہلکاروں کو ڈھونڈنے کے لیے مشن کی مدد کرتے رہے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے امن کاروں کی لگن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے کہ جو مشکل ماحول میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وسطی جمہوریہ افریقہ میں امن قائم کرنے کے لیے مشن سے وابستہ مردوخواتین اہلکاروں کے عزم اور قربانی کو سراہا ہے۔