پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹرسارہ عنبرکا کامیاب مجلسی دفاع کے بعد ڈاکٹریٹ کی ڈگری ایوارڈ کر دی گئی

پیر 22 ستمبر 2025 14:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہء اردو کی پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر سارہ عنبر کا کامیاب مجلسی دفاع کے بعد ڈاکٹریٹ کی ڈگری ایوارڈ کردی گئی۔ ترجمان کے مطابق شعبہ اردو کی پی ایچ ڈی سکالر ساراعنبر کا مجلسی دفاع کی تقریب منعقد ہو ئی۔ ان کے مقالے کاعنوان ’’مجید امجد اور شیمس ہینی کی شعری کائنات (تقابلی مطالعہ)" ہے۔

جبکہ ان کی نگران مقالہ ڈاکٹر شاہدہ رسول اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو ہیں۔ بیرونی ممتحنین میں انڈیا سے ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب ، ترکی سے ایکیوت کسمیر اور پاکستان سےڈاکٹر سید عامر سہیل شامل ہیں۔ سارہ کے مجلسی دفاع میں ڈاکٹر سید عامر سہیل کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد ، پرفیسر ایمریطس ڈاکٹر شگفتہ حسین اور شعبہء اردو کی استاد ڈاکٹر نجمہ عثمان نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سارہ نے بھرپور انداز میں اپنے موضوع کا دفاع کیا اور کہا کہ مجید امجد اور شمیس کو جو معاشرتی ماحول میسر آیا اس نے ان کے دل و دماغ پر جو اثر ڈالا وہ زیادہ خوشگوار نہ تھا۔ وہ خارجی ظلم اور استحصال پسند عناصر کو دیکھتے ہیں اور اس طرح ان کے اندر کرب نمودار ہوتا ہے۔ جس کا اثر ان کے کلام پر بھی محسوس کیا جاتا ہے ۔دونوں شعرا اپنے معاشرے اور ماحول کی جزئیات سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انجام میں دونوں مختلف ہیں۔ اس موقع پرڈاکٹر سید عامر سہیل نے ڈاکٹر سارہ عنبر کے مجلسی دفاع کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اس مجلسی دفاع کو جدت اور روایت سے جس طرح ہم آہنگ کیا گیا ہے اس کی مثال میں نے کسی اور یونیورسٹی کے شعبہء اردو میں نہیں دیکھی ۔ان کے تحقیقی مقالے کو جلد از جلد کتابی صورت میں منظرِ عام پر آنا چاہئیے ۔ڈاکٹر عذرا لیاقت نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی تحقیق کے میدان میں ہمیشہ معیار کو ترجیح دیتی ہے،ڈاکٹرسارہ کا ریسرچ ورک بین الاقوامی سطح کا ہے جس کو جلد کتابی شکل میں شائع کرایا جائے گا۔