شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی اولین ترجیح ہے،کمشنر سرگودھاڈویژن

پیر 22 ستمبر 2025 16:36

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہر کا دورہ کیا اور پی ایچ اے کی جانب سے جیل روڑ اور طارق آباد روڈ پر گرین بیلٹس ، اقبال کالونی واپڈا پارک سمیت دیگر پارکوں کی تزئین و آرائش کے کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام مقررہ وقت پر اعلیٰ معیارکےساتھ مکمل کیاجائے۔

کمشنرنےسلانوالی روڈ پر ہلال احمر ہسپتال کے قریب قائم کئے جانے والے ماڈل ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا اور دکانداروں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ دکانداروں نے لائٹس کی بحالی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی درخواست کی جس پر کمشنر نے سی او میونسپل کارپوریشن کوفوری اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریڑھی بازاروں میں دکانداروں اور خریداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ یہ منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہو۔

کمشنر نے خوشاب روڈ، ڈیری روڈ، اندرونِ شہر بازاروں اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے راستوں اور عوامی مقامات پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور آپریشن بلاامتیاز اور مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانےاور تمام اہم شاہراہوں و چوراہوں کی بیوٹیفکیشن یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت ان منصوبوں کو کامیاب بنائیں۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران اور سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔