ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ، کمشنرسرگودھا کی متعلقہ محکموں کو ہدایت

پیر 22 ستمبر 2025 17:16

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس رُوم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد راشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، چیف ایگزیکٹو آفیسرسرگودھا ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی رانا شاہد عمران، مینجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک طاہر کے علاوہ میونسپل افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں واٹراینڈ سینی ٹیشن، انکروچمنٹ، سٹی بیوٹیفکیشن، ستھرا پنجاب، سڑکوں کے منصوبوں اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹی بیوٹیفکیشن کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ پر ہائی وے اگلے ماہ جبکہ فیسکو حکام نومبر سے کام شروع کریں گے۔ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب جاری ہے اور مزید پیچ ورک کے ٹینڈرز بھی کر دیے گئے ہیں۔

خوشاب روڈ پر پرسٹیرین برج کی پیشرفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشنز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بھاگٹانوالہ اور چک نمبر 46 اور جنرل بس اسٹینڈ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں تاکہ شہریوں اور دکانداروں کا رویہ مثبت سمت میں بدلا جا سکے۔ اس موقع پر شہر میں قائم ریڑھی بازاروں اور مویشیوں کے خلاف جاری مہم پر بھی پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی۔

کمشنر نے واضح کیا کہ اب شہر کی حدود میں دوبارہ مویشی نظر نہیں آنے چاہیں۔ واسا حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مین ہولز کور کے لیے مزید ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔ ایم او پلاننگ نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں ماہ 65 نقشہ جات پاس کر کے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ہسپتالوں کی پارکنگ اور بیسمنٹ کے حوالے سے سروے جاری ہے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں پارکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پارکنگ نہ رکھنے والے ہسپتالوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ شہر میں اقبال کالونی واپڈا پارک، طارق آباد گرین بیلٹ، جیل روڈ گرین بیلٹ، کمشنر کالونی پارک، 31 بلاک پارک، بوٹینیکل گارڈن، یوسف پارک 43 شمالی کے علاوہ پارکوں کی بحالی، تزئین و آرائش اور شجرکاری کے منصوبے جاری ہیں۔

اس کے علاوہ شہر کے بڑے چوراہوں، فلائی اوورز اور دیگر مقامات پر بھی خوبصورتی کے کام مکمل کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر سرگودہا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے مل کر شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام" کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :