رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز علی کھوکھر کا آئی سی سی آئی کا دورہ، سردار طاہر محمود کو آئی سی سی آئی کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی

پیر 22 ستمبر 2025 18:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کے چیئرمین ملک شہباز علی کھوکھر نے یقین دلایا ہے کہ وہ اسلام آباد کے لیے انتہائی ضروری صنعتی اسٹیٹ کے قیام کے لیے ذاتی طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا ہوم ورک جلد از جلد مکمل کرے تاکہ اس منصوبے کو موثر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔

پیر کے روز چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات سردار طاہر محمود کو آئی سی سی آئی کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے دورے کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

ملک شہباز کھوکھر نے کہا کہ تاجر برادری معاشی ترقی کا حقیقی انجن ہے اور پنجاب حکومت ان کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تجارت اور صنعت کی تیز رفتار ترقی کے لیے لائسنسنگ کو کم کر کے ریگولیٹری تعمیل کو آسان بنا رہی ہے اور یہ کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شہریوں کو صحت مند اور پرکشش ماحول فراہم کرنے کے لیے کلین پنجاب اور سٹی بیوٹیفکیشن کے اقدامات بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات کو دوبارہ حاصل کرنے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی جاری ہے۔

قبل ازیں خطبہ استقبالیہ میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں گورننس اصلاحات کو سراہا۔انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد کے لیے ایک انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام بارے حکومت پنجاب کی بھرپور مدد کا بھی مطالبہ کیا اور رئیل سٹیٹ سیکٹر کی مشکلات کو اجاگر کیا۔سردار طاہر نے مزید اس بات پر زور دیا کہ بڑے شہروں میں آبادی میں تیزی سے اضافے کے ساتھ حکومت کو کاروباری برادری کی مشاورت سے مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنی چاہیے تاکہ پائیدار ترقی اور شہری منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جا سکے۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے مہمان ایم پی اے کو بزنس کمیونٹی کے لیے آئی سی سی آئی کی کاوشوں سے آگاہ کیا اور کاروبار کے لیے مزید سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمدعرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، آفتاب گجر، نوید ستی، سابق ایگزیکٹو ممبر رانا قیصر شہزاد، آئی ای اے اے کے جنرل سیکرٹری زاہد رفیق اور دیگر نے بھی شرکت کی۔