میرواعظ عمر فاروق کا مغربی ممالک کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا خیرمقدم

پیر 22 ستمبر 2025 21:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور پرتگال کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ چار مغربی ممالک کی طر ف سے ایک ایسے وقت میں فلسطین کو بطور یاست تسلیم کیاگیاہے جب غزہ میں صیہونی فورسز کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے تنازعہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی راہ ہموار ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور پرتگال کی طرف سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے سے مظلوم فلسطینیوں کو راحت اور انصاف کی فراہمی اور خطے میں دیرپا امن کی کوششوں کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔ میرواعظ عمر فاروق نے دیگر مغربی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف اٹھائیں ۔