سیکرٹری ہاؤسنگ کا آر ڈی اے کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

پیر 22 ستمبر 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کیپٹن (ر) نورالامین مینگل نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا اور متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں بشمول راولپنڈی رِنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے سیکرٹری ہاؤسنگ کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے راولپنڈی رِنگ روڈ منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور بہتر رابطہ فراہم کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے آر ڈی اے افسران کو ہدایت دی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور شہری نظم قائم رکھنے کے لیے راولپنڈی سے تجاوزات کو ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بے خوف و خطر ہو کر جاری رکھی جائے اور مزید یہ کہ تمام افسران ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کام کریں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے آر ڈی اے افسران کی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ تمام منصوبوں کو شفافیت، لگن اور مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :