ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے باقاعدہ طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی

منگل 23 ستمبر 2025 17:17

ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے باقاعدہ طبی سہولیات کی فراہمی شروع ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے باقاعدہ طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی۔ ہسپتال میں دل کے 30 سالہ مریض محمد ظفر کی پہلی اینجیوگرافی کی گئی۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاطف عمران اور اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر محمد سلیم اور ڈاکٹرنجم الثاقب پر مشتمل ٹیم نے اینجیوگرافی کی۔ اینجیوگرافی کے موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایگزیکٹوڈائریکٹر ایس آئی سی ڈاکٹر عمران وحید،ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر یداللہ، ایم ایس ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر الیاس انجم بھی موجود تھے۔

انہوں نے کنٹرول روم میں اینجیوگرافی کا پروسیس دیکھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے قیام سے ساہیوال ڈویژن کے دل کے سینکڑوں مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسٹیٹیوٹ کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی جدید مشینری نصب کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اینجیوگرافی کے لئے دو کیتھ لیب اور آپریشنز کے لئے دو آپریشن تھیٹرز کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے ہفتے سے ہسپتال میں دل کے مریضوں کے آپریشنز کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے یقین دلایا کہ ہسپتال کے لئے طبی عملے کی کمی کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔