سعودی عرب کے عوام اور قیادت کو قومی دن پر مبارکباد،دونوں ملکوں میں محبت اور احترام کا رشتہ عالمی سطح پر منفرد مثال ہے، رانا مشہود احمد خان

منگل 23 ستمبر 2025 15:45

سعودی عرب  کے عوام اور قیادت کو  قومی دن پر  مبارکباد،دونوں ملکوں میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی عوام اور قیادت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت اور احترام کا رشتہ عالمی سطح پر منفرد مثال ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے نوجوانوں کا باہمی تعاون ایک نیا باب ہے۔

منگل کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہا کہ یہ دن سعودی عرب کی یکجہتی اور ترقی کی علامت اور اس کی تاریخی اور جدید کامیابیوں کا جشن ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عالمی سطح پر ایک جدید ریاست کے طور پر اپنی شناخت قائم کی اور اس کی قیادت نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ،اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر اپنے کردار کو مستحکم کرنے کے لیے سعودی عرب کی قیادت نے بصیرت اور حکمت کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور تعاون کا رشتہ ہمیشہ گہرا اور پائیدار رہا ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور احترام کا رشتہ عالمی سطح پر ایک منفرد مثال ہے، پاکستانی نوجوان سعودی عرب کی ترقی سے متاثر ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تعاون کے مزید امکانات کی توقع رکھتے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سعودی عرب کا ثقافتی ورثہ اور اسلامی تاریخ پوری دنیا میں قابلِ احترام ہے، سعودی عرب مسلمانوں کے لیے ایک مقدس مقام رکھتا ہے کیونکہ یہاں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جیسے مقدس شہر واقع ہیں جہاں دنیا بھر کے مسلمان ہر سال حج اور عمرہ کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اسلامی دنیا کی رہنمائی کرتی ہے اور یہ ملک مسلمانوں کے اتحاد، عقیدت اور روحانیت کا مرکز ہے جس کی اہمیت تمام مسلمان تسلیم کرتے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے جدیدیت کے ساتھ ساتھ روایات کو بھی برقرار رکھا جو ایک قابلِ فخر مثال ہے، سعودی عرب کا قومی دن نہ صرف اس کی کامیابیوں کا جشن ہے بلکہ اس کے روشن مستقبل کی نوید بھی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے قومی دن پر پاکستانی نوجوانوں کی طرف سے نیک خواہشات اور ایک روشن مستقبل کی دعا کی اورکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے نوجوانوں کا باہمی تعاون ایک نیا باب ہے۔\932