گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد

منگل 23 ستمبر 2025 17:30

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے ، باہمی احترام اور پائیدار تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی معاہدہ باہمی سکیورٹی ، اقتصادیات اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا ۔

منگل کو ’’اے پی پی ‘‘کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ دن سعودی عرب کے اتحاد، خودمختاری اور قومی فخر کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں دستخط شدہ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی ، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مضبوط کرے گا جس سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سعودی عرب نے عالمی سطح پر مسلسل بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے جو علاقائی امن، اقتصادی استحکام اور بین الاقوامی تعاون میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے ، باہمی احترام اور پائیدار تعاون پر مبنی ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی طرح خیبرپختونخوا کے عوام بھی مملکت سعودی عرب کے لئے گہری عقیدت رکھتے ہیں کیونکہ یہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں کا ملک ہے جو امت مسلمہ کا روحانی مرکز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات حکومتوں سے بھی آگے بڑھتے ہیں، پاکستانیوں کی نسلیں سعودی عرب میں رہ رہی ہیں اور کام کر رہی ہیں، عوام سے عوام کے روابط دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتے ہوئے اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی خوشحالی، اتحاد اور استحکام کے لئے دعا کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خاص طور پر خیبر پختونخوا کے عوام ہمیشہ ایک قابل اعتماد شراکت دار اور برادر ملک کے طور پر مملکت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔