Live Updates

بی آئی ایس پی غریبوں کی بقا اور وقار کا سہارا ہے، سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد جاری ہے،چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی پریس کانفرنس

منگل 23 ستمبر 2025 15:10

بی آئی ایس پی غریبوں کی بقا اور وقار کا سہارا ہے، سیلاب متاثرین کی بھرپور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) چیئرپرسن بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے ، متاثرین کی بھرپور معاونت کی جا رہی ہے،2022کے سیلاب میں بی آئی ایس پی نے 70 ارب روپے کی ہنگامی امداد دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہہی وہ پروگرام ہے جو سیلاب زدگان کو بہترین سہولیات فراہم کرسکتا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے شفافیت، رفتار اور وسیع رسائی سے عوام کا اعتماد جیتا، یہ پروگرام غریبوں کی بقا اور وقار کا سہارا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی سب سے بہتر اور فوری ریلیف کا ذریعہ ہے ،کورونامیں بھی اسی پروگرام کے تحت لاکھوں خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے غربت کی سطح سے نیچے رہنے والے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے پاس مفصل ڈیٹا موجود ہے جس کے ذریعے سیلاب متاثرین کو بروقت اور شفاف طریقے سے امداد دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ساتھ ایک کروڑ گھرانے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آڈٹ کا طریقہ کار ہے، بینظیر انکم سپورٹ کی مانیٹرنگ ورلڈ بینک اور ایشین بینک کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے دوسرے ممالک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سیکھنے آرہے ہیں، یہ پروگرام لوگوں کی زندگیاں بہتر بنارہا ہے، پروگرام سے ایک کروڑ سے زائد بچے تعلیمی وظائف لے رہے ہیں۔ روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر نشو ونما پروگرام پر بھی کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے لوگ فلاحی کام کررہے ہیں وہ سب قابل تعریف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں بونیر، صوابی، سوات، باجوڑ میں موبائل سروے ٹیمز بھیجی ہوئی ہیں،سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے کارڈز گم ہو چکے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات