جنرل ہسپتال میں درد کم کرنے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ کلینک کا افتتاح

منگل 23 ستمبر 2025 15:12

جنرل ہسپتال میں درد کم کرنے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ کلینک کا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ہیلتھ وژن کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ شعبہ اینستھیزیا، آئی سی یو اور پین مینجمنٹ نے شعبہ آرتھوپیڈکس کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت کے پہلے مکمل فعال اور جدید سہولیات سے آراستہ پین مینجمنٹ کلینک کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ یہ کلینک اُن مریضوں کے لیے باعثِ راحت ہوگا جو برسوں سے کرانک درد میں مبتلا ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت مریضوں کو یہ تمام سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی، اور یہ کلینک جدید اور محفوظ علاج کی فراہمی کے حوالے سے ایک انقلابی پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسرآصف بشیر، ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، پروفیسر جودت سلیم، پروفیسر میاں حنیف، پروفیسر خالد بشیر، پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر نازش ثقیلین، ڈاکٹر شہزاد انور، ڈاکٹر خالد کاظمی، ڈاکٹر طیبہ وسیم، ڈاکٹر شیراز ملک، ڈاکٹر عبدالعزیز اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق سمیت بڑی تعداد میں ماہرینِ صحت نے شرکت کی۔

پروفیسر جودت سلیم اور پروفیسر میاں حنیف نے کہا کہ یہ کلینک نہ صرف مریضوں کو ریلیف فراہم کرے گا بلکہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ٹریننگ کے لیے بھی ایک ریفرنس سینٹر کے طور پر کام کرے گا۔پروفیسر خالد بشیر اور ڈاکٹر شہزاد انور نے اس موقع پر بتایا کہ کلینک میں بین الاقوامی معیار کی تمام جدید سہولیات دستیاب ہیں، جن میں C-Arm گائیڈڈ پروسیجرز شامل ہیں، جو درد کے مقام کا درست تعین کر کے ہدفی علاج ممکن بناتے ہیں۔

اس کے علاوہ الٹراساؤنڈ گائیڈڈ انٹروینشنز کے ذریعے اعصاب اور نرم بافتوں کے قریب انتہائی مؤثر طریقہ علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔کلینک میں ریڈیو فریکوئنسی ایبلیشن (RFA) کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو مخصوص اعصاب کو غیر فعال کر کے طویل مدتی آرام فراہم کرتی ہے۔ کینسر کے مریضوں کے لیے خصوصی پروٹوکولز کے تحت علاج کا بندوبست ہے، جب کہ پرانی کمر درد، جوڑوں کے مسائل اور فیلڈ بیک سنڈروم جیسے پیچیدہ امراض کے لیے مخصوص تکنیکس اپنائی جا رہی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ، کلینک میں پی آر پی تھراپی (Platelet Rich Plasma Therapy) بھی دستیاب ہے، جو جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کو متحرک کر کے جوڑوں کی مرمت اور شفا میں مدد فراہم کرتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسے مریضوں کو سکون دینا ہے جو کئی سالوں سے درد کا شکار ہیں۔ یہ کلینک پنجاب کے سرکاری شعبہ صحت میں درد کے علاج کے میدان میں ایک نئی مثال قائم کرے گا اور صوبے بھر کے مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔