سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کا حکم جاری کردیا

سزایافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کیلے حکومت 45 دنوں میں قانون سازی کرے، سویلین کے کورٹ مارشل سے متعلق انٹراکورٹ اپیلوں پر فیصلہ 7 مئی 2025 کو سنایا گیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 ستمبر 2025 21:42

سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کا حکم ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 ستمبر 2025ء ) سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کا حکم جاری کردیا ہے، سزایافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے کیلے حکومت 45 دنوں میں قانون سازی کرے۔ میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی تحریری فیصلے میں ملٹری کورٹ کے سزا یافتہ ملزمان کو اپیل کا حق دینے اور فیصلے میں اپیل کا حق دینے کیلئے 45 دن میں حکومت کو قانون سازی کا حکم دیا ہے۔

سویلین کے کورٹ مارشل کے حوالے سے انٹراکورٹ اپیلوں کا تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، تفصیلی اکثریتی فیصلہ جسٹس امین الدین خان نے تحریر کیا۔ جسٹس امین الدین خان نے 68 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، جسٹس محمد علی مظہر نے 47 صفحات کا اضافی نوٹ لکھا۔

(جاری ہے)

جسٹس امین جسٹس، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس شاہد بلال نے اضافی نوٹ سے اتفاق کیا۔

جبکہ جسٹس جمال مندوخیل جسٹس نعیم افغان نے اختلافی نوٹ تحریر کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے انٹرا کورٹ اپیل میں ملٹری ٹرائل کی اجازت دے دی تھی۔ سویلین کے کورٹ مارشل کے حوالے سے انٹراکورٹ اپیلوں پر فیصلہ 7 مئی 2025 کو سنایا گیا تھا، سپریم کورٹ کے سات رکنی آئینی بینچ نے انٹرا کورٹ اپیلوں پر فیصلہ سنایا تھا، سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے انٹراکورٹ اپیلوں کو منظور اور دو ججز نے مسترد کیا تھا۔

 
یاد رہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ملٹری کورٹ سے سزائوں کے خلاف اپیل کے حق اور ریکارڈ کی فراہمی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت25 ستمبر تک ملتوی کردی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ وفاقی سیکرٹری قانون عدالت میں پیش ہو کر وضاحت کریں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر متعلقہ قانون میں ابھی تک ترامیم کیوں نہیں کی گئیں ۔ عدالت نے مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔