جِمی کیمِل کا شو معطلی کے بعد دوبارہ نشر ہونے کو تیار

منگل 23 ستمبر 2025 08:50

نیویار ک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) امریکا کا معروف لیٹ نائٹ ٹاک شو "جِمی کیمِل لائیو!" ایک ہفتے کی معطلی کے بعد دوبارہ نشر ہونے جا رہا ہے۔شنہوا کے مطابق شو کو اُس وقت معطل کیا گیا جب میزبان جِمی کیمِل نے قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قتل پر تبصرہ کرتے ہوئے مشتبہ قاتل کو "پرو-ٹرمپ ریپبلکن" قرار دیا تھا، جس پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔

(جاری ہے)

اے بی سی کی مالک کمپنی والٹ ڈزنی نے اپنے بیان میں کہا کہ معطلی کا فیصلہ جذباتی ماحول کو مزید بھڑکانے سے بچنے کے لیے کیا گیا تھا، اور اب میزبان سے تفصیلی گفتگو کے بعد شو کی واپسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس معطلی پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے بی سی کی تعریف کی، جبکہ فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی ) کے چیئرمین برینڈن کار نےاے بی سی اور ڈزنی کے خلاف ممکنہ کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے۔ دوسری جانب، ہالی ووڈ کی 400 سے زائد معروف شخصیات بشمول ٹام ہینکس اور جینیفر اینسٹن نے جِمی کیمِل کی حمایت میں امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو ) کے تحت ایک کھلا خط جاری کیا ہے، جس میں آزادی اظہارِ رائے کے حق پر زور دیا گیا ہے۔