یورپ میں گزشتہ سال ہیٹ ویو سے60 ہزار اموات ہوئیں، تحقیقی رپورٹ

منگل 23 ستمبر 2025 10:50

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) براعظم یورپ پر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے کی گئی تحقیق کے مطابق یورپ میں گزشتہ سال ہیٹ ویو سے 60 ہزار سے زائد اموات ہوئیں ۔ العربیہ اردو کے مطابق بارسلونا انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کے محققین نے جریدے ’’ نیچر میڈیسن ‘‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا کہ گزشتہ سال کی ریکارڈ توڑ گرمیوں کے دوران یورپ میں ہیٹ ویو سے 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو ئے،وہاں درجہ حرارت عالمی اوسط سے دوگنا تیزی سے بڑھا ۔

محققین نے بتایا کہ ہنگامی وارننگ سسٹم خطرناک ہیٹ ویو سے پہلے سب سے زیادہ کمزور خاص طور پر بزرگوں کو خبردار کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی وضاحت کی گئی کہ یورپ میں 2024 کے دوران غیر معمولی مہلک موسم گرما ریکارڈ کیا گیا جس میں 60 ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں، اس سے گزشتہ تین موسموں میں گرمی سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

بارسلونا انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کے محققین 539 ملین کی آبادی پر محیط 32 یورپی ممالک کے علاقوں سے اموات کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرکے اس اعداد و شمار تک پہنچے ہیں۔ مطالعے میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ گزشتہ موسم گرما سے مرنے والوں کی تعداد 62775 تھی،یہ تعداد 2023 کے موسم گرما میں ریکارڈ کی گئی 50,798 اموات سے 25 فیصد زیادہ ہے تاہم 2022 کی 67,873 سے کم ہے۔ اس مطالعے کے مرکزی مصنف تھامس جانسن کے مطابق اس قسم کے مطالعے میں غیر یقینی صورتحال کے کئی ذرائع ہیں جن کی وجہ سے ان اعداد و شمار کو حتمی اور درست نہیں سمجھا جا سکتا ہے۔