دو ریاستی حل کانفرنس امن کے قیام کی جانب تاریخی موقع ہے، سعودی عرب

منگل 23 ستمبر 2025 11:12

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کانفرنس امن کے قیام کی جانب تاریخی موقع ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی کانفرنس مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کانفرنس امن کے قیام کی جانب ایک تاریخی موقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرانس کا تاریخی موقف اور نیویارک اعلامیہ کو حاصل ہونے والی بھرپورعالمی سپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب فرانس اور امن کے خواہاں دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ غزہ کی جنگ کو ختم کیا جائے اور فلسطینی ریاست کے قیام کو عملی شکل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں سے امن کے امکانات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے تنازعے کے دو ریاستی حل کے لیے سپورٹ کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے، غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت روکنے پر بھی زور دیا۔