شام کے صدر کی نیویارک میں امریکی وزیرخارجہ سے ملاقات

منگل 23 ستمبر 2025 11:12

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) شام کے صدر احمد الشرع نے نیویارک میں امریکی وزیرخارجہ مارکو روبيو سے ملاقات کی۔العربیہ اردو کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں رہنما ئوں نے لاپتا امریکی شہریوں کی بازیابی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں احمدالشرع نیویارک پہنچے جہاں وہ بدھ کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ان کا یہ دورہ امریکا ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب شامی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ایسے مذاکرات کر رہے ہیں جن کا مقصد سکیورٹی معاہدوں تک پہنچنا ہے، جن کے تحت اسرائیل دسمبر 2024 سے قابض علاقوں سے نکل جائے گا۔سی بی ایس کو انٹرویو میں شامی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے اور شام پر پابندیاں ختم کرنے کے سلسلے میں ان کی کوششوں کا شکریہ ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سابق صدر نورالدین الاتاسی (1966-1970) کے بعد کسی بھی شامی صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کی جس سے الشرع وہ پہلے شامی صدر بن گئے ہیں، جو جون 1967 کی اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے خطاب کریں گے۔الشرع اور ان کے ہمراہ موجود وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی اقوامِ متحدہ میں متعدد اجلاسوں اور تقریبات میں شریک ہوں گے، نیز جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ممالک کے سربراہان اور وفود کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔