میرے والد میری گلوکاری سے خوش نہیں تھے، وارث بیگ

منگل 23 ستمبر 2025 15:06

میرے والد میری گلوکاری سے خوش نہیں تھے، وارث بیگ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)مقبول پلے بیک گلوکار وارث بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد ان کی گلوکاری سے خوش نہیں تھے لیکن جب وہ مقبول گلوکار بنے تو ان کے والد فخر سے کہنے لگے کہ وہ ان کے بیٹے ہیں۔وارث بیگ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کاروباری شخص تھے، والد سمیت گھر کے دوسرے اہل خانہ بھی ان کی گوکاری سے ںاخوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ نے شاید ان کے بچپن میں ہی یہ بات سمجھ لی تھی کہ ان کی آواز اچھی ہے، اس لیے وہ ان کی گلوکاری کی حمایت کرتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے مشہور ہونے سے قبل ہی والدہ انتقال کر گئیں لیکن آج وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان کی والدہ کا ہاتھ ہے۔وارث بیگ والدہ کی محبت اور شفقت پر بات کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئے اور کہا کہ والد ان کی گلوکاری سے ناخوش ہوتے تھے، وہ ہمیشہ انہیں گلوکاری سے دور ہونے کی ہدایت کرتے رہتے تھے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق والدین کبھی بھی بچوں کا برا نہیں سوچتے، والد ان کی بہتری کیلیے ایسا کہا کرتے تھے، وہ ان کے شوق کو نہیں دیکھ رہے تھے، بس چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا کوئی ایسا کام کرے، جس سے ان کی زندگی اچھے گزرے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ والدہ ہمیشہ ان کے والد کو سفارش کرتی رہتی تھیں، شادی اور دیگر تقریبات میں بھی والد کو ساتھ لے جانے کا کہتی رہتی تھیں۔

وارث بیگ کے مطابق جب انہوں نے گلوکاری میں نام پیدا کیا اور والد کے دوست ان سے بیٹے کو ساتھ لے کر آنے کی فرمائش کرنے لگے، تب ان کے والد ان سے خوش ہوئے اور انہیں بھی اچھا لگا کہ والد ان سے خوش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ مقبول گلوکار بنے، تب ان کے والد نے انہیں اپنا بیٹا کہنا شروع کیا، اس سے قبل وہ انہیں گلوکاری نہ کرنے کی ہدایت کرتے رہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :