کِم کارڈیشین نے اپنی فٹنس کا راز مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا

میری فٹنس کا سب سے اہم راز ویٹ ٹریننگ ہے ، زیادہ تر ورزش کے دوران وزن اٹھانے پر توجہ دیتی ہوں

جمعرات 25 ستمبر 2025 11:38

کِم کارڈیشین نے اپنی فٹنس کا راز مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)امریکی ٹی وی اسٹار اور معروف فیشن آئیکون کِم کارڈیشین نے اپنی فٹنس کا راز مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔ 44 سالہ کِم کارڈیشین کا شمار دنیا کی ان شخصیات میں ہوتا ہے جو نہ صرف فیشن اور اسٹائل کے باعث مشہور ہیں بلکہ اپنی صحت اور فٹنس روٹین کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔حال ہی میں غیر ملکی میگزین ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں کِم نے بتایا کہ وہ اپنے مصروف شیڈول کے باوجود ورزش کو روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بناتی ہیں۔

ان کے مطابق ان کی فٹنس کا سب سے اہم راز ویٹ ٹریننگ ہے اور وہ زیادہ تر ورزش کے دوران وزن اٹھانے پر توجہ دیتی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کمر کے مسائل کی وجہ سے انہیں اپنی ورزش کے طریقے میں کچھ تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں، لیکن وہ ورزش کا سلسلہ کبھی نہیں چھوڑتیں تاکہ جسم مضبوط اور متوازن رہے۔

(جاری ہے)

کِم نے بتایا کہ ان کی ورزش کا دورانیہ تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ ہوتا ہے، جس میں ویٹ ٹریننگ، اسٹریچنگ اور کارڈیو شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ڈانس پر مبنی ورزش بالکل پسند نہیں، جبکہ ایک بار ہاٹ یوگا کے دوران وہ سو بھی گئی تھیں۔کِم کا کہنا ہے کہ صحت مند اور کامیاب زندگی کے لیے ورزش اور متوازن روٹین کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :