مجھے مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہا جاتا ہے، گلوکارہ معصومہ انور

جب میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی تھی، تب بھارت سے گلوکاری کی پیش کش ہوئی

جمعرات 25 ستمبر 2025 11:48

مجھے مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہا جاتا ہے، گلوکارہ معصومہ انور
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)گلوکارہ معصومہ انور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی مردانہ لہجے کی آواز کی وجہ سے کچھ لوگ انہیں مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہتے ہیں۔معصومہ انور نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں ہی لیجنڈ گلوکارہ ریشماں نے ایک ٹی وی شو میں ان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان گلوکارہ کی آواز ان جیسی ہی ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے ریشماں کو کبھی نہیں سنا تھا، اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں، ان کی گلوکاری کو دیکھ کر ان کی والدہ نے انہیں ریشماں کا ایک گانا یاد کرنے کا کہا اور جب انہوں نے مذکورہ گانا گایا تو والدہ نے انہیں بتایا کہ ان کی آواز لیجنڈری گلوکارہ سے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

معصومہ انور کا کہنا تھا کہ ریشماں جی نے ان کی آواز سن رکھی تھی، اس لیے انہوں نے زندگی کے آخری ایام میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ان کی تعریفیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریشماں کی جانب سے ٹی وی شو میں تعریفیں کرنے پر انہوں نے اسی شو میں فون کرکے لیجنڈری گلوکارہ کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جب وہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں، تب انہیں بھارت سے گلوکاری کی پیش کش ہوئی اور بھارتیوں نے یہ سمجھا تھا کہ معصومہ انور زائد العمر خاتون ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی آواز کی وجہ سے بھارتیوں نے اندازے لگا رکھے تھے کہ گلوکارہ 50 سال کی ہوں گی لیکن اس وقت ان کی عمر 22 سال تھی۔