سابق وزیر اعظم و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کا اظہار تعزیت

منگل 23 ستمبر 2025 15:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ’’محمد حنیف اعوان ایک جرات مند، نڈر اور اصولوں پر کاربند سیاسی رہنما تھے۔

ان کی سیاسی جدوجہد میں استقامت اور عوامی خدمت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ہم دونوں نے ایک عید جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزاری اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ وہ مظفرآباد کے عوام کے لیے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بنتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے بحیثیت رکن اسمبلی اور وزیر حکومت مظفرآباد کے عوام کے حقوق کے لیے دلیرانہ جدوجہد کی اور کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

وہ حقیقی معنوں میں عوامی رہنما اور سیاسی کارکنوں کے لئے مشعلِ راہ تھے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حنیف اعوان کی وفات سے آزاد کشمیر کی سیاست ایک عظیم رہنما اور مظفرآباد کے عوام ایک سچے ترجمان سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کی خدمات کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔دریں اثنا سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،جنرل سیکرٹری مہرالنساء،چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید ،میجر (ر)نصراللہ خان،سمعیہ ساجد ،شیخ مقصود ،سجاد انور عباسی ،میمونہ کیانی،ہارون آزاد و یگر نے مرحوم کے بلند درجات، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔