غزہ میں مکمل نسل کشی کے پیچھے اسرائیلی وزیر اعظم ہیں، ترک صدر

منگل 23 ستمبر 2025 17:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ واضح اجتماعی نسل کشی ہے اور اس کے مرتکب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ہیں۔العربیہ اردو کے مطابق ترک صدر کا یہ موقف امریکی ٹی وی فاکس نیوزکے ساتھ ایک انٹرویو میں سامنے آیا جو انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران دیا۔

ترک صدر نے کہا کہ اس کا کوئی اور مطلب نہیں، یہ مکمل نسل کشی ہے اور اس کے پیچھے نیتن یاہو کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک وحشیانہ قتلِ عام کیا ہے، جس میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہم اس نسل کشی کی ہر شکل کی مکمل مخالفت کرتے ہیں۔ ترک صدر نے بتایا کہ غزہ میں 1.25 لاکھ سے زیادہ افرا زخمی ہیں، جن میں سے کئی کو علاج کے لیے ترکیہ منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے کہا کہ وہ اپنی تقاریر میں متعدد تصاویر دکھا چکے ہیں جو غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتائج واضح کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ کہا جا سکتا ہے کہ فلسطین ہتھیاروں کے لحاظ سے اسرائیل سے مضبوط ہے؟ یہ نا ممکن ہے، اسرائیل اپنی طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے، خواہ وہ بچے ہوں، عورتیں ہوں یا بزرگ۔ غزہ میں انسانی بحران ختم کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں، صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کریں گے، کیا ختم ہوئی؟ نہیں، ابھی بھی جاری ہے۔ اسی طرح انھوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ ختم کریں گے، کیا ختم ہوئی؟ نہیں۔