لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام بلڈ کینسر آگاہی سیمینار، ماہرینِ صحت کے خطابات اور آگاہی واک

منگل 23 ستمبر 2025 17:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام اور ہیمل فارماسیوٹیکلز کے تعاون سے بلڈ کینسر آگاہی کے موضوع پر نثار عثمانی آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرینِ صحت نے عوام میں اس مہلک مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنے پر زور دیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف آنکولوجی ڈپارٹمنٹ، میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عباس کھوکھر نے کہا کہ بلڈ کینسر کی بروقت تشخیص مریض کی زندگی بچانے میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر مستند ڈاکٹروں سے رجوع کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید تحقیق اور علاج کے طریقوں کی بدولت بلڈ کینسر پر قابو پانا ممکن ہے بشرطیکہ مریض وقت پر معائنہ اور علاج کروائیں۔

(جاری ہے)

ہیڈ آف آنکولوجی ڈپارٹمنٹ، جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر کوثر بانو نے کہا کہ بلڈ کینسر کے مریضوں کے لیے سماجی رویے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مریض کو ذہنی سکون اور حوصلہ دینا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ علاج۔

انہوں نے کہا کہ آگاہی مہمات کے ذریعے ہم عوام میں یہ شعور پیدا کر سکتے ہیں کہ بلڈ کینسر کسی حد تک قابلِ علاج ہے اور اس کی بروقت تشخیص سے ہزاروں زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔ڈائریکٹر ہیمل فارماسیوٹیکلز ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں نجی ادارے بھی سماجی ذمہ داری کے تحت عوامی فلاحی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیمل فارماسیوٹیکلز کا مقصد صرف دوائیں مہیا کرنا نہیں بلکہ عوام میں بیماریوں سے بچاو اور بروقت علاج کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ انہوں نے لاہور پریس کلب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صحتِ عامہ کے اتنے اہم موضوع پر یہ پروگرام منعقد کیا۔اس موقع پر لاہور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری زاہد عابد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ ایسے موضوعات پر عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

انہوں نے ہیمل فارماسیوٹیکلز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ انسانیت کیلئیایک عظیم کام کر رہی ہے۔سیمینار کے بعد لاہور پریس کلب سے ایک آگاہی واک نکالی گئی جس میں ڈاکٹرز، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بلڈ کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کرنے والے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکاء میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔