پاکستانی سکالر خالد تیمور اکرم کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے سال 2025 کے بہترین محقق کے ایوارڈ سے نوازا گیا

منگل 23 ستمبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) پاکستانی سکالر خالد تیمور اکرم کو بیجنگ کی ''کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا'' کی جانب سے ’’آؤٹ سٹینڈنگ انفرادی خدمات ایوارڈ 2025‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ مسلسل پانچواں سال (2021 تا 2025) تھا کہ انہیں یہ اعلیٰ اعزاز حاصل ہوا جس سے وہ ان چند ممتاز محققین میں شامل ہو گئے ہیں جنہیں مسلسل کئی سالوں تک تسلیم کیا گیا ہے۔

منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ ایوارڈ خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ گزشتہ پانچ سالوں میں ان کی ’’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘‘ اور’’مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی‘‘ کے حوالے سے 23 ممالک میں کی گئی تحقیقی خدمات کا اعتراف ہے جہاں انسٹی ٹیوٹ فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (آئی سی ایس ایف) فعال ہے۔

(جاری ہے)

ان کی مسلسل پذیرائی نہ صرف ان کی علمی گہرائی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں ان کی وابستگی اور اقوام کے درمیان تحقیق اور مکالمے کے ذریعے خیالات کو جوڑنے کی صلاحیت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

یہ ایوارڈ ’’کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا، بیجنگ‘‘ میں منعقدہ ’’بین الاقوامی علمی نیٹ ورک برائے مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی‘‘ کی سالانہ اسمبلی کے دوران پیش کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پروفیسر لی ہوا ئی لیانگ، ڈین آئی سی ایس ایف، سی یو سی بیجنگ نے کی۔ انہوں نے خالد تیمور اکرم کو عالمی سطح پر مشترکہ مستقبل کے تصور کو فروغ دینے میں ان کی غیر معمولی خدمات اور انتھک کاوشوں پر سراہا۔

یہ ایوارڈ نہ صرف ان کی ذاتی کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ عالمی علمی و پالیسی مکالمے میں پاکستان کی فکری شراکت کی بڑھتی ہوئی قدر کو بھی نمایاں کرتا ہے۔ یہ مسلسل اعتراف ان کی عالمی تحقیق، علمی تعاون اور انسانیت کے لئے مشترکہ مستقبل کے وژن کو فروغ دینے میں فکری قیادت کی گواہی دیتا ہے۔ یہ ان کے اس عزم کا بھی عکاس ہے کہ وہ شراکت داری کو فروغ دیں، مکالمے کے لئے پلیٹ فارمز قائم کریں اور ایسے تعاون پر مبنی فریم ورک مضبوط کریں جو ہماری باہم جڑی ہوئی دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ہوں۔\932