جعفر ایکسپریس ٹریک پر دھماکے کے باعث حادثے کا شکار

ایک کوچ مکمل الٹ گئی ،انجن سمیت پانچ کوچز پٹڑی سے اتر گئیں،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جعفر ایکسپریس کو پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی

منگل 23 ستمبر 2025 22:30

کوئٹہ /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس ٹریک پر دھماکے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی ، حادثے کے باعث ایک کوچ مکمل الٹ گئی جبکہ انجن سمیت پانچ کوچز پٹڑی سے اتر گئیں، اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جعفر ایکسپریس کو پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔

بتایا گیا ہے کہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس جب کوئٹہ سے چند کلو میٹر دور ڈیگاری کراس سپیذنٹ ریلوے اسٹیشن اور سریاب ریلوے اسٹیشن کے درمیان پہنچی تو ٹریک پر دھماکے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گئی ، حادثے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور مسافروں نے چیخ و پکار شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

حادثے کی وجہ سے جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت پانچ کوچز پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ ایک کوچ مکمل طور پر الٹ گئی ۔

ریلوے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹرک، کرین اور ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ۔فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔وفاقی وزیر وزیر ریلوے نے جعفر ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے چوبیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ۔بتایا گیا ہے کہ حادثے میں پانچ مسافر زخمی ہوئے ۔